راجن پور میں بسوں میں تصادم سے 8 افراد جاں بحق، 25 زخمی

 


پنجاب کے ضلع راجن پور میں شاہ والی کے قریب انڈس ہائی وے پر دھند کے باعث بسوں میں تصادم کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے۔


ریسکیو حکام نے بتایا کہ تمام اموات موقع پر ہوئیں، انہوں نے مزید کہا کہ مرنے والوں میں ایک سات سالہ لڑکا بھی شامل ہے۔

ریسکیو حکام نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ زخمیوں کو بس کے بیرونی حصے کو کاٹنے کے بعد قریبی اسپتالوں میں لے جایا گیا۔

ریسکیو 1122 کے بیان کے مطابق، زخمیوں میں سے 14 کو تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) روجھان ہسپتال جبکہ دو کو شاہوالی کے قریبی رورل ہیلتھ سنٹر لے جایا گیا۔

ٹی ایچ کیو اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ تین لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جب کہ شناخت کا عمل جاری ہے۔


پشاور سے کراچی جانے والی بس اور کوئٹہ سے راجن پور جانے والی بس میں تصادم ہوا۔

ڈیرہ غازی خان کے کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے قریبی اسپتالوں میں میڈیکل ایمرجنسی کا اعلان کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کیا جائے اور لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے کا عمل شروع کیا جائے۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے حادثے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ذمہ دار ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ تاہم بعد میں ریسکیو حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں دونوں ڈرائیور بھی شامل ہیں۔



Comments